حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے محرم الحرام کے ایامِ عزا اور رہبرِ شہید سمیت دیگر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ حالیہ مسلط کردہ جنگ کے دوران ایران اور محورِ مقاومت نے تاریخ کا ایک عظیم باب رقم کیا ہے، جو ایک غیر معمولی تہذیبی اور تاریخی کارنامہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ مسلح افواج، مجاہدین اور محورِ مقاومت کی قربانیاں انتہائی اہم تھیں، لیکن اس عظیم کامیابی کی اصل طاقت ایران کے باشعور اور وفادار عوام تھے، جنہوں نے اپنے اتحاد اور استقامت سے یہ تاریخ رقم کیا۔
آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ عوام کی مسلسل جدوجہد، میدان میں موجودگی، جلوسوں اور عوامی اجتماعات کا سلسلہ اب ایک اہم مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، اور رہبرِ شہید کی تشییع و الوداعی تقریب میں شرکت اسی جدوجہد کی تکمیل ہے۔ ان کے بقول، یہ شرکت ولایتِ فقیہ سے تجدیدِ عہد، انقلاب سے وفاداری کے اظہار اور قومی اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ ہوگی۔
انہوں نے علماء، طلبہ، یونیورسٹی کے اساتذہ، نوجوانوں، مردوں اور خواتین سمیت تمام ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ رہبرِ شہید کی تشییع جنازہ اور اس کے بعد ہونے والی تقریبات میں بھرپور اور تاریخی انداز میں شرکت کریں تاکہ دشمن کو واضح پیغام ملے اور قومی یکجہتی مزید مستحکم ہو۔
آخر میں آیت اللہ اعرافی نے امید ظاہر کی کہ ایران کے عوام کی پرجوش شرکت ایک نئی تاریخ رقم کرے گی، مقاومت کی تحریک کو مزید تقویت دے گی اور ایران کے ساتھ لبنان، عراق، یمن اور دیگر اسلامی ممالک میں بھی استقامت اور بیداری کے جذبے کو فروغ دے گی۔









آپ کا تبصرہ